کراچی(اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرےے راؤنڈ میں بابراعظم دوسری اننگز میں چار رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اتوار کو اسٹیٹ بینک اور کنگز مین اکیڈمی نے میچ جیت لئے۔ غنی کے کپتان محسن ریاض نے سنچری بنائی۔ کنگز مین اکیڈمی کے فاسٹ بولر محمد الیاس کی چھ وکٹیں، میچ میں گیارہ وکٹیں لے اڑے ۔ ٹیبل پر اسٹیٹ بینک پہلے، کنگز مین اکیڈمی دوسرے اور اوجی ڈی سی ایل تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک نے غنی کو ایک اننگز اور 18 رنز سے شکست دے دی ۔ ناکام ٹیم 298 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ۔ محسن ریاض نے 117 رنز بنائے ۔ ایبٹ اسٹیڈیم میں اوجی ڈی سی ایل نے فالو آن کے بعد کے آر ایل کو 95 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ جو دن میں بقیہ تین اوورز میں 11 رنز بنا سکی ۔ اوجی ڈی سی ایل کے کپتان روحیل نذیر اور وقار احمد کی نصف سنچریوں نے یقینی شکست کو ڈرا میں بدل دیا ۔ پشاور میں ایم آئی ٹی سلیوشنز اور ایس این جی پی ایل کا میچ ڈرا ہوگیا۔ ایس این جی پی ایل کو 394 رنز کا ٹارگٹ ملا جو 50 اوورز میں 163 رنز بناسکی۔ اذان اویس نے 81 اور سمیر منہاس نے 75 رنز بنائے ۔ ایم آئی ٹی سلیوشنز نے دوسری اننگز 192 رنز 7 کھلاڑی پر ڈکلیئر کی ۔ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی نے 87 رنز کا ٹارگٹ عبور کرکے سرکاری ٹی وی کو دس وکٹوں سے شکست دی ۔ ناکام سائیڈ دوسری اننگز میں 299 بناسکی۔