معاہدے پر جلد عمل نہ کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے، وسیم اختر

August 08, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جو آزادی دوسری سیاسی جماعتوں کو حاصل ہے، وہ ایم کیو ایم کو میسر نہیں، انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی سے جوتحریری معاہدہ کیا تھا،اس پر جلد عمل درآمد نہیں کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے طے کریں گے، وہ اتوار کو یہاں متحدہ کے مرکز بہادر آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں کو خیر باد کہہ کر ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے کارکنوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی زاہد منصوری،شریف خان،سی او سی انچارج فرقان اطیب اور وسیم آفتاب بھی موجود تھے، وسیم اختر نے کہا کہ ہمارے دروازے ہر خاص و عام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں،انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیا ں،مردم شماری، جعلی ڈومیسائل کا معاملہ ہو یا جعلی ڈومیسائل بنا کر روزگار میں شہری سندھ کے لوگوں کا حق مار دیا جاتا ہو! سب پر آواز بلند کرنے والی واحد ایم کیو ایم ہی ہے، ہم ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جس طرح دوسری جماعتوں کو آزادانہ کام کرنے کا موقع دیا جارہا ہے وہ موقع ایم کیو ایم کو بھی دیا جائے، انہوں نے اپیل کی کہ وہ تمام کارکن جو آنا چاہتے ہیں دوبارہ اپنے گھروں کو واپس آجائیں۔