نیویارک (تجزیہ عظیم ایم میاں)وینزویلا میں امریکی کاروائی، چین بھارت، روس اور خلیجی ممالک کیلئے لمحہ فکریہ،فوجی کارروائی اور تیل پر قبضہ کر کے صدر ٹرمپ نے ساری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیل کے ذخائر سے مالا مال ملک وینزویلا کے سربراہ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو وینزویلا کے دارالحکومت سے15ہزار امریکی فوجیوں، ایئر کرافٹ کیریئر اور متعدد جنگی بحری جہازوں اور طیاروں کی مدد سے گرفتار کر کے اُسی روز رات ہونے سے قبل نیویارک پہنچا دیا گیا ۔ صدر ٹرمپ، وزیرِ خارجہ اور امریکی وزیرِ دفاع نے اپنے اس کامیاب فوجی آپریشن کی تفصیلات اور بعض مقاصد دنیا کے سامنے اعلانیہ بیان کیے ۔امریکا سے سمندر پار واقع وینزویلا میں صدر ٹرمپ کے اس فوجی آپریشن کو، اس کی بعض امریکی اراکینِ کانگریس اور سینیٹر سے منظوری کے بغیر کئے جانے کی وجہ سے امریکی آئین کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے ۔ مادورو کے طیارے کی نیویارک میں لینڈنگ سے قبل بھی امریکی اخبارنیویارک ٹائمز کا ایڈیٹوریل بورڈ اپنی رائے شائع کرتے ہوئے اسے امریکی آئین کی خلاف ورزی قرار دے چکا تھا ۔بہر حال اب عملی صورتحال یہ ہے کہ وینزویلا کا ملک نہ صرف کسی حکومت کے بغیر اور براہِ راست امریکا کے کنٹرول میں ہے، بلکہ نکولس مادورو نیویارک کی وفاقی جیل میں عدالت میں پیشی کے منتظر ہیں ۔ امریکی وزیرِ خارجہ اور صدر ٹرمپ کے مشیر اپنی اس فوجی کارروائی کے دفاع میں مصروفِ کار ہیں، جبکہ دنیا کو یہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے کہ وینزویلا میں یہ کارروائی تیل کی خاطر کی گئی ہے ۔عراق کی طرح وینزویلا میں بھی یہ کارروائی کی گئی، لیکن اس کے ساتھ وینزویلا سے تیل کے اہم خریدار چین، بھارت اور دیگر ممالک پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے ۔ روس اور چین سمیت جو ممالک امریکی برتری کے لئے چیلنج بن رہے ہیں، ان کی سپلائی لائن پر امریکی قبضہ ہونے سے جو اثرات مرتب ہوں گے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اپنے تازہ انٹرویو میں واضح کر دیا ہے کہ امریکا کے مخالفین کو ہم اب مزید موقع نہیں دیں گے ۔امریکا نہ صرف غیر معینہ مدت تک عراق کی طرح وینزویلا پر بھی قبضہ رکھ کر تیل کے وسائل کا استعمال کرے گا، بلکہ چین، روس، بھارت، برازیل اور ابھرتے ہوئے ممالک کے بلاک کی تشکیل پر بھی دباؤ جاری رکھ سکے گا ۔ یہ صورتحال مشرقِ وسطیٰ اور خلیج کے ممالک بشمول ایران کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے کہ ان کے وسائل پر امریکی کنٹرول اور ان کی خوشحال معیشت کیسے متاثر ہوگی ۔اس فوجی کارروائی اور تیل پر قبضہ کر کے صدر ٹرمپ نے ساری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ البتہ یہ بات مستقبل ہی بتا سکے گا کہ امریکا کب تک اور کتنا موثر کنٹرول وینزویلا اور اس کے تیل کے وسائل پر رکھ سکے گا ۔