بحریہ ٹاؤن نے سیلاب زدگان میں راشن کی تقسیم کا آغاز کردیا

August 08, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) بحریہ ٹائون پاکستان کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک نے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کو کروڑوں روپے کا راشن اُنکی دہلیز پر پہنچانے کا آغاز کر دیا۔ بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے ساتھ ساتھ سندھ‘ جنوبی پنجاب‘ خیبر پختونخوا میں سیلاب بارشوں سے ہونے والی تباہی کی رپورٹیں لیکر اس کار خیر کا آغاز بلوچستان کے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں لسبیلہ وغیرہ سے گزشتہ روز شروع کرا دیا۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے کراچی‘ لاہور‘ راولپنڈی کی بحریہ ٹائون کی انتظامیہ کو ہدایت کر دی ہے کہ بلوچستان ہو یا خیبر پختونخوا‘ جنوبی پنجاب ہو یا سندھ کے دور افتادہ گائوں گوٹھ اُن سب میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے بورنگ ہو یا تھر کے دور اُفتادہ علاقوں میں طبی امداد اور اشیائے خوردو نوش ہر قیمت پر پہنچنی چاہئے۔ سیلاب کے متاثرہ خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم ہونی چاہئے‘ اس حوالے سے وہ کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کرینگے۔ بحریہ ٹائون کراچی سے بھیجی جانیوالی ٹیموں کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے بلوچستان کے لوگوں کیلئے وافر مقدار میں خیمے‘ چٹائیاں‘ اشیائے خوردو نوش‘ ضروری استعمال کی کچن آیٹمز‘ منرل واٹر‘ ادویات بھجوانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے بحریہ ٹائون نے میڈیکل کیمپ بھی سیلاب زدگان کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو ہرممکن فوری طبی امداد انکے گائوں گوٹھ میں جا کر ٹیمیں دے سکیں اور ساتھ ہی سیلاب اور سخت موسم سے ہونے والی بیماریوں میں بھی بحریہ ٹائون متاثرین کو ریلیف مہیا کریگا۔ کئی علاقوں میں میڈیکل کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ بحریہ ٹائون کے میڈیکل کیمپوں میں ماہر اور بہترین ڈاکٹرز‘ نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈکس بھجوائے گئے ہیں۔ لسبیلہ کی سب ڈویژن بیلا کی جانب بھیجا گیا امدادی سامان اتوار کو تقسیم کر دیا گیا۔ یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ حالات کے مطابق موثر انداز میں آفت زدہ افراد کو اُنکی ضرورت کا عمومی سامان واٹر کولر‘ کھانے پینے کیلئے برتن‘ مٹی کے تیل کے چولہے بھی بھجوائے جائیں۔