محکمہ لوکل گورنمنٹ، غیرفعال یوسیز کے نام پر فنڈز کے اجراء کا انکشاف

August 09, 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کے محکمہ لوکل گورنمنٹ میں کرپشن، غیرفعال یوسیز کے نام پر فنڈز کے اجراءکا انکشاف، سندھ لوکل بورڈ نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے سندھ بینک کو حیدرآباد ڈویژن کی متعدد یوسیز کے اکاؤنٹس بند کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سرکاری محکموں میں کرپشن کو کاروبار بنانے میں کرپٹ بیوروکریسی نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے حکام کی جانب سے غیر فعال یوسیز کے نام پر فنڈز کے اجراءکی نشاندہی ہوئی ہے، جس کا سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بھانڈا پھوڑ دیا ہے، سندھ لوکل بورڈ نے انکشاف کیا ہے کہ غیر فعال یوسیز کے سیکریٹریز کی جانب سے اکاؤنٹس آپریٹ کرکے فنڈز نکلوائے جارہے ہیں، جس پر بورڈ کے حکام نے سندھ بینک کو خط لکھ کر مذکورہ یوسیز کے اکاؤنٹس بند کرنے اور رقوم کی منتقلی روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی ہیں،بورڈ کے ذرائع کے مطابق سندھ بینک کو حیدرآباد ڈویژن کی یوسی 62‘ یوسی، 19ناریجانی، یوسی 18داماچانی، یوسی 12مانک لغاری حیدرآباد، یوسی 5حیدرآباد، یوسی 50اور 15حیدرآباد کے اکاؤنٹس بند کرنے کے لیے بورڈ کی جانب سے خط ا رسال کیا گیا ہے جبکہ دادو،نوشہروفیروز سمیت ریجن کے بیشتر اضلاع کی یوسیز کے اکاؤنٹس بند کرنے کے احکامات بھی بورڈ کی جانب سے جاری کیے جاچکے ہیں، دوسری جانب محکمہ لوکل بورڈ کی جانب سے مذکورہ معاملے کی تحقیقات شروع کیے جانے کے بعد محکمہ لوگل گورنمنٹ کے کرپٹ افسران و دیگر عملے میں کھلبلی مچ گئی ہے اور انہوں نے قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے حکومتی جماعت کے اراکین اسمبلی وزراءاور اعلیٰ افسران سے رابطے کرنے شروع کردیئے ہیں۔