جی ٹی اے آئینی کا اسمبلی کے سامنے دھرنا، اساتذہ کی ایمبولنسز میں شرکت

August 11, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (آئینی) بلوچستان کے زیراہتمام بدھ کو مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا گیا ، تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے اساتذہ ایمبولنسز میں احتجاجی دھرنے میں شریک ہوئے ، اس موقع پر دھرنے کے شرکا نے کہا کہ مختلف گریڈز کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن و دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج جاری ہے اس سلسلے میں پہلے بھی حکومت نے ہمیں یقین دہانیاں کرائیں جو بعد ازاں طفل تسلیاں ثابت ہوئیں یہ امر باعث افسوس ہے کہ قوم کے معمار مطالبات کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال پر ہیں مگر وزرا اور بیوروکریسی کو اس کا ذرہ برابر بھی احساس نہیں ، انہوں نے کہا کہ اساتذہ نے فیصلہ کررکھا ہے کہ اب کے بار وہ اپنے مطالبات پر عمل درآمد کراکے رہیں گے اور اگر اس دوران بھوک ہڑتالی اساتذہ کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔