حق و صداقت کا درس

August 12, 2022

ہالینڈ کی ڈائری۔۔راجہ فاروق حیدر
ہالینڈ میں عشرہ محرم الحرام بڑے احترام سے منایا گیا تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں نے اپنے اپنے انداز میں نواسہ رسولؐ جگر گوشہ بتول فرزند علی المرتصیٰؓ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔حسینی مشن ہالینڈکے زیراہتمام اسلامک سینٹر محفل علی دی ہیگ میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔نظامت کے فرائض سید اعجاز حسین سیفی اور سید توصیف نے بڑی عمدگی سے ادا کئے مقامی ذاکرین ، شعراء ثناخوانان کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر سید رضا عباس آف لکھنؤ نے فضائل ومصائب اہلبیت بیان کئے اوراحادیث قرآن مجید کی روح سے فلسفہ شہادت بیان کیا۔ انہوں نے کہاکہ رسول ؐخدا کا فرمان ہے حسین ؓ مجھ سے اور میں حسینؓ سے ہوں۔ ڈاکٹر سید رضا عباس نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ اپنے خون سے چراغ جلا گئے اور قیامت تک مسلمانوں کو یہ درس دے گئے کہ ہمیشہ حق صداقت کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے بڑے رقت آمیز مصائب پڑھے اور کہاکہ حضرت امام حسینؓ کی ذات کسی ایک مسلک یا مذہب کے لئے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی بقاء کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ شیعہ اسلامک سینٹر محفل علی حسینی مشن ہالینڈ کے زیراہتمام تعزیہ تابوت علم حضرت عباس علمدار اور ذوالجناح کا جلوس برآمد کیا گیا جس میں پاکستانیوں کے علاوہ ایراتی، ترکی، افغانی اور دیگر ممالک کے مسلمانوں نے شرکت کی یہ جلوس یورپ کا سب سے بڑا جلوس تھا۔ بلجیم اور دیگر یورپی ممالک سے بھی عزاداران حسینؓ نے شرکت کی۔ سرکاری اندازے کے مطابق شرکا کی تعداد 6ہزار سے زائد تھی جگہ جگہ راستوں میں شہزادہ علی اصغر اور شہزادی سکینہ کی پیاس کی یاد میں ترکی اور دیگر ممالک کے مسلمانوں نے سبیلیں لگائیں۔ ڈچ پولیس کے چاق وچوبند دستے ٹریفک کنٹرول کر کے جلوس عزا کو راستہ فراہم کرتے رہے۔ غیرملکی مسلمان خواتین جلوس کے شرکاء اور دیگر مقامی لوگوں کو پھول تقسیم کر رہی تھیں، گزشتہ سال کوویڈ 19کی وجہ سے دو سال یہ سالانہ جلوس برآمد نہ ہو سکا۔ یہ 28واں سالانہ جلوس عزا تھا۔ہالینڈ میں عزاداری کا سلسلہ 1974میں شروع کیا۔ پندرہ بیس لوگ سید آل رضا رضوی کی دکان پرمحرم کے ایام میں مجلس کااہتمام کرتے تھے ا ایک بہت بڑا شیعہ اسلامک سینٹر محفل علی اور مسجد امام زماں دی ہیگ میں واقع ہےجبکہ ایمسٹرڈیم میں ادارہ جعفریہ مجالس، میلاد اور دیگر مذہبی خدمات انجام دے رہا ہے حسینی مشن ہالینڈکے ریذیڈنٹ عالم دین مولانا سید اسرار حسین یورپی معاشرے کے تناظر میں بڑے احسن طریقے سے بچوں کو دینی تعلیم دے رہے ہیں حسینی مشن ہالینڈ دی ہیگ میں ایک پرانی مذہبی سماجی رفاہی تنظیم ہے جس کے ڈاکٹر اصغر مرحوم، اکبر پنجوانی مرحوم، سید آل رضا رضوی ، سید مظہر رضا جعفری، سید اعجاز حسین سیفی نقوی، راجہ فاروق حیدر، سید سرفراز جعفری، سید مختار احسن نقوی، صدور رہ چکے ہیں جبکہ موجودہ صدر سید عظمت حسین ہیں۔ ان کے ساتھ ان کے معاونین سید سہیل حیدر شاہ، سید طاہر سلیم، سید ولایت حسین شاہ، سید توصیف حیدر اور عباس مرزا ہیں۔ اسلامک سینٹر محفل علی دی ہیگ کے ایڈمنسٹریٹر حاجی کاظم حسین ہیں۔ ایک ایسی شخصیت جس کا حسینی مشن نیدر لینڈ اور عزاداری امام حسینؓ میں ایک متحرک کردار رہا ہے وہ سید اعجاز حسین سیفی ہیں جو کہ سابق طالبعلم رہنما بھی ہیں خطابت میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں حسینی مشن ہالینڈ کی تمام کامیابیوں میں ان کا بڑا کردار ہے خواتین کی علیحدہ تنظیم بھی ہے جو اپنے پروگرام علیحدہ بھی آرگنائز کرتی ہیں۔