پاک بحریہ کا کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن، 9 بھارتی ماہی گیروں کو بچالیا

August 12, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کا کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن، 9 بھارتی ماہی گیروں کو بچالیا، کشتی 9 اگست کو عملے کے دس افراد کے ہمراہ بحیرہ عرب میں گوادر کے قریب ڈوب گئی تھی، بھارتی کشتی ” جمنا ساگر” 9 اگست کو عملے کے دس افراد کے ہمراہ بحیرہ عرب میں گوادر کے قریب ڈوب گئی تھی،اطلاع ملنے پر پاکستان میری ٹائم انفارمیشن سنٹر نے قریبی بحری جہاز MT KRUIBEKE کو ہدایات دیں کہ ڈوبنے والے بھارتی عملے کی امداد کی جائے،بحری جہاز نے عملے کے 9 افراد کو زندہ بچا لیا اور دبئی کی بندر گاہ کی طرف اپنا سفر جاری رکھا جہاں وہ کشتی کے عملے کو اتاریگا،پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسی دوران پاک بحریہ کا ایک جہاز دو ہیلی کاپٹرز کے ہمراہ کھلے سمندر میں پہنچا اور ڈوبنے والے ایک بھارتی شہری کی نعش کو تلاش کیا،پاک بحریہ کے عملے نے نعش کو مزید کارروائی کیلئے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کیا،پاک بحریہ کا یہ کامیاب سرچ اور ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے، پاک بحریہ اپنے پانیوں کے اندر اور باہر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امداد کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔