اسکاٹ لینڈ میں محرم الحرام کے جلوس کا انعقاد

August 13, 2022

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں یوم عاشور حسب معمول بڑے مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ 3 بجے دوپہر امام بارگاہ اشلے سٹریٹ سے محرم الحرام کا جلوس سید ناصر جعفری اور علی افسر شیخ کی قیادت میں برآمد ہوا، جب کہ ایک بڑا جلوس سید اشفاق شاہ اور مرزا لیاقت بیگ کی قیادت میں آکر شامل ہوگیا۔ ہزاروں افراد پر مشتمل یہ جلوس جس میں ہر عمر کے مرد و خواتین اور بچے شامل تھے، وڈلینڈ کے راستے گریٹ ویسٹرن روڈ سے ہوتا ہوا واپس اشلے سٹریٹ پہنچ گیا۔ پولیس کی بڑی تعداد بھی جلوس کے ساتھ ساتھ چل رہی تھی۔ اشلے سٹریٹ واپس پہنچ کر حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا، جہاں مختلف علمائے کرام نے اپنے اپنے خطاب میں شہادت امام حسینؑ پر روشنی ڈالی اور اسے پوری انسانیت کا سب سے بڑا سانحہ قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حسینیت ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے۔ امام عالی مقام نے کربلا کے مقام پر اپنی اور اپنے خاندان و ساتھیوں کی جانوں کی قربانیاں دے کر اسلام کو ابد تک کے لئے زندہ جاوید کر دیا ہے۔