کالج داخلے کیلئے ڈومیسائل، پی آر سی کی شرط سے کراچی کے طلبہ پریشان

August 13, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں انٹرمیڈیٹ کالجز میں داخلوں کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ لیکن اس معمول کے عمل نے طلبہ اور والدین ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار کردیا ہے۔ محکمہ تعلیمات کی جانب سے داخلوں کیلئے طلبہ کو ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنا اور والد کا ڈومیسائل، پی آرسی اور فارم’’ ب ‘‘جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈومیسائل اور پی آرسی کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر دفاتر میں لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ عینی شاہد کے مطابق ڈی سی سینٹرل میں اس مقصد کیلئے جانے والوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صبح سات اور آٹھ کے درمیان ٹوکن حاصل کریں اور کاغذات جمع کرانے کیلئے طویل قطار میں لگ جائیں۔ عوام حیران ہیں کہ ’’ب‘‘ فارم کی موجودگی میں ، جس پر طلبہ کے والدین کی تفصیلات سمیت رہائشی پتہ درج ہے تو ڈومیسائل اور پی آرسی کی کیا ضرورت رہ جاتی ہے۔ یہی نہیں بلکہ موسم برسات اور رات کی بے وقت لوڈ شیڈنگ نے جہاں عوام کی نیند برباد کررکھی ہے وہاں وہ علی الصبح ڈی سی آفس حاضر ہوکر ان دستاویزات کا حصول ممکن بنانے کیلئے پیشگی ٹوکن نمبر لینے کی اضافی پریشانی کا انتظام احسن انداز میں کیا گیا ہے۔ اہل کراچی نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اس مشقت سے بچایا جائے اور اگر یہ کاغذات اتنے ہی ضروری ہیں تو طلبہ کو اتنی رعایت دی جائے کہ وہ اپنی پسند کے کالج میں داخلہ حاصل کریں بعد میں ڈومیسائل و پی آرسی اور ب فارم جمع کرادیں۔