اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نومبر میں فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے ملگ گیر جدوجہد کا آغاز ہوگا۔ نوجوانوں کو ملک کے محفوظ مستقبل کی عظیم جدوجہد میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔، 22اور 23نومبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے اجتماع عام نظام کی تبدیلی کی تحریک کا آغاز ہوگا ، حکمران امداد مانگنے اور معدنیات بیچنے کی بجائے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام بنوقابل کے تحت مفت آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لیے ہزاروں طلبا وطالبات نے امتحان دیا۔ امیرجماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر گجرات انصر محمود دھول ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن وقاص انجم جعفری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ انگریز کی ٹکسال میں ڈھلے سکے نسل در نسل ملک پر مسلط ہیں۔