• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کے سینئر اداکار ستیش شاہ 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے  

ممبئی ( آن لائن ) بالی ووڈ کے معروف سینئر اداکار ستیش شاہ 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ گردوں کے مرض میں مبتلا ہونےکے باعث ممبئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے،آخری رسومات آج ( اتوار ) کو ادا کی جائیں گی، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش شاہ کافی عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور حال ہی میں ان کا گردے کا ٹرانسپلانٹ بھی کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور ممبئی میں انتقال کر گئے۔اداکار کے مینجر نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ستیش شاہ کی لاش اسپتال میں موجود ہے، آخری رسومات آج ( اتوار ) کو ادا کی جائیں گی۔ستیش شاہ نے اپنے طویل فنی کیریئر میں سینکڑوں فلموں اور ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے اور بالی ووڈ میں مزاحیہ اداکاری کے شعبے میں انہیں ایک منفرد مقام حاصل تھا۔ انہوں نے کئی مشہور فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے، بھارتی کامیڈین جونی لیور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ بتانا پڑ رہا ہے کہ ہم نے ایک عظیم فنکار اور اپنے چالیس سال پرانے عزیز دوست کو کھو دیا ہے، یقین کرنا مشکل ہے کہ میں نے ان سے صرف دو دن پہلے ہی بات کی تھی، ستیش بھائی، آپ کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، فلم اور ٹی وی کی دنیا میں آپ کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
اہم خبریں سے مزید