کراچی ( جنگ نیوز) نیا دن، نیا جذبہ اور نئے سُر، ”پاکستان آئیڈل“کا تھیٹر راؤنڈ اپنے عروج پر پہنچ رہا ہے۔ میوزک کے بڑے اسٹیج پر 37 گلوکار اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے سفر میں مصروف ہیں جن میں سے صرف 12 خوش نصیب اگلے مرحلے میں جگہ بنا پائیں گے۔ پاکستان کے نمبر ون انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“سے سب سے پہلے نشر ہونے والا یہ میوزک شو ناظرین کو ایک بار پھر سُر، لے اور تال کے جادوئی ماحول میں لے آیا ہے۔ راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگش جیسے بڑے نام بطور جج نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں تنقیدی مگر حوصلہ افزا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تھیٹر راؤنڈ کے دوران ہر فنکار اپنی بہترین پرفارمنس کے ذریعے ججز کو متاثر کرنے کی کوشش میں ہے۔