کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) خواجہ سرا کمیونٹی کے تحت ہفتہ کو برنس گارڈن کراچی میں ہجڑا فیسٹول 2025کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر خواجہ سراکمیونٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں ریلی نکالی جو پنڈال میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔اس موقع پر خواجہ سرائوں نے حکومت سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواجہ سرائوں کی مخصوص نشستیں مقرر کرنے کے لئے فوری قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا۔خواجہ سرا کمیونٹی کے رہنمائوں کامی چوہدری اور ڈاکٹر سارہ گِل نے بتایا کہ اس سال خواجہ سرا کمیونٹی نے اپنے فیسٹیول کا تھیم ماحولیات کے تحفظ سے منسوب کیا ہے۔ہم اپنی شناخت، وقار، آزادی اور اپنی زمین کے لئے کھڑے ہیں-ہجڑا فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد خواجہ سرا کمیونٹی کو خوشیوں کا ایک دن میسر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی کمیونٹی کے مقاصد کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے خواجہ سرا افراد کے خلاف تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور کئی خواجہ سرا قتل بھی ہوچکے ہیں۔ اس طرح کے جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ماحول کے تحفظ کے لئے شجر کاری کریں،درخت لگائیں۔ ٹرانس جنڈر رہنماوَں نے حکومت سے مطالبہ کیا خواجہ سرا افراد کے تحفظ اور ترقی و بہبود کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔