جشن آزادی کی خوشیاں کھیلوں کی سرگرمیوں سے دوبالا کررہے ہیں، عاطف خان

August 13, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آزاد ی پاکستان کو بھرپور انداز کے ساتھ منایا جائے گا جس کیلئے پشاور سمیت مختلف اضلاع میں کھیلوں کے مقابلے اور دیگرتقریبا ت منعقد ہوں گی۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان عاطف خان کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئز اور کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے آزادی کی صبح تانگہ ریس، شام کے اوقات میں پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ونٹیج کار شو، تانگہ شو، ʼڈیکوریٹیڈ رکشہ شو،فٹبال، کرکٹ، ہاکی، سکواش،بیڈمنٹن سمیت دیگر مقابلے ہوں گے جبکہ یوم جشن آزادی کے حوالے سے مردان سپورٹس کمپلیکس میں بھی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے جن میں مکسڈ مارشل آرٹ کی سات مختلف ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں کے علاوہ آتش بازی بھی ہوگی، خیبرپختونخوا کا نام انٹر نیشنل سطح پر روشن کرانے والے مختلف کھیلوں کے ہیروز میں خصوصی ایوارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ عاطف خان نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔، جشن آزادی کو صوبائی سطح پر بھرپور طریقے سے منائیں گے اور اس سلسلے میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان کی جانب سے مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر تقریبات کے انعقاد کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔