پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ بڈھ بیر پولیس ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں قبروں کی بے حرمتی اورکم سن بچوں اور بچیوں کی نعشیں نکال کر مبینہ طور پر ان سے زیادتی کرنے والا زیر حراست ملزم ہلاک ہو گیا۔ملزم پیر کے روز قبر کی مبینہ بے حرمتی کے دوران گرفتار ہوا تھا جسے علاقے کے لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے فرارحملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق ملزم سلمان ولد افغان کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کےلئے شیخان قبرستان لیکر جارہے تھے اس دوران 3موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے سرکاری گاڑی اور ایک اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ کو بھی نقصان پہنچاتاہم اہلکار بال بال بچ گیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر زیر حراست ملزم سلمان شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔پولیس کاکہناہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واضح رہے کہ ملزم کوپیرکے روز شیخان قبرستان میں ایک قبر کی بے حرمتی کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے 10 قبروں کی مبینہ بے حرمتی کا اعتراف کیا تھاجس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ حملے میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔