ڈان کاسٹر سے اسلام آباد کیلئے قومی ائرلائن کی پرواز منسوخ

August 14, 2022

راچڈیل (نمائندہ جنگ) ڈان کاسٹر ائر پورٹ سے اسلام آباد جانے والی قومی ائر لائن کی چارٹرڈ پرواز مسافروں کو کئی گھنٹے انتظار کرانے کے بعد تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ کر دی گئی جس کی وجہ سے سیکڑوں مسافر ائر پورٹ پر پریشان ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق قومی ائر لائن نے یورپی یونین کی پابندیوں کی وجہ سے مختلف ممالک کی ائر لائنز سے معاہدہ کر رکھا ہے جب کہ گزشتہ روز اسلام آباد سے اردن کی ائر لائن کا ایک طیارہ مسافروں کو لے کر ڈان کاسٹر (مانچسٹر) پہنچا جب کہ مانچسٹر سے اسلام آباد انتہائی مہنگی ٹکٹیں وقت کی بچت کے نظریہ سے خریدی گئیں، مسافروں کی بڑی تعداد کا تعلق مانچسٹر، راچڈیل کے علاوہ دور دراز شہروں سے بھی تھا جن میں گلاسگو، برمنگھم وغیرہ بھی شامل ہیں، مسافروں کو روانگی سے ایک یوم قبل قومی ائر لائن کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا کہ پرواز مانچسٹر ائر پورٹ سے نہیں بلکہ ڈان کاسٹر شفیلڈ سے روانہ ہوگی جس پر مسافروں میں کھلبلی مچ گئی اور وہ بھاگم بھاگ ڈان کاسٹر ائر پورٹ پہنچے، سامان کی بکنگ کے بعد بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے کے بعد انتظار گاہ میں چلے گئے مگر مسلسل 8گھنٹے انتظار کرنے کے بعد انتظامیہ کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ پرواز منسوخ کر دی گئی ہے جس پر مسافروں میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ،قومی ائر لائن کی انتظامیہ روپوش ہو گئی ، مسافرذلیل و خوار ہونے کے بعد واپس گھروں کو روانہ ہو گئے ،قومی ائر لائن کی انتظامیہ نے دوبارہ مسافروں کوفون کیے کہ مذکورہ پرواز روانہ ہو رہی ہے لہٰذا ائر پورٹ پہنچ جائیں،ڈھائی سو سے زائد مسافر ائر پورٹ پہنچ گئے مگر ان مسافروں میں سے ڈیڑھ سو مسافروں کو جہاز میں بٹھا کر روانہ کر دیا گیا، باقی مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کر دی گئی ، مسافروں نے دوبارہ ائر پورٹ پر زبردست احتجاج کیا اور کہا کہ دور دراز سے بھاری رقم خرچ کر کے دو مرتبہ ائر پورٹ پہنچے مگر روانگی میں ناکام رہے،قومی ائر لائن کی انتظامیہ نے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ جہاز کا دروازہ خراب ہے ، اس لیے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کم مسافروں کو اسلام آباد بجھوایا گیاہے باقی کو رقم واپس کر دی گئی ہے۔