ہرشعبے میں ہونیوالی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،ڈاکٹرمحمود ایاز

August 14, 2022

لاہور( جنرل رپورٹر ) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے آپٹومیٹری کی تعلیم کے لیے جدید تدریسی اور تربیتی لیب کا افتتاح کر دیا ہے ۔ کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ وژن سائنسز، میو ہسپتال لاہور میں بننے والی اس لیب میں جدید آفتھلمک یونٹ، سلٹ لیمپ، آٹو ریفریکٹومیٹر، فینٹم آئیز، ٹرائل بکس، ٹرائل فریم، فوروپٹر اور پروجیکٹر شامل ہیں۔ پروفیسر زاہد کمال صدیقی، پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی، نے اس موقع کو یوم آزادی سے مناسبت دیتے ہوئے کہا کہ ہر شعبے میں ہونے والی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ آزادی کی سہ روزہ تقریبات کے دوسرے دن کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ وژن سائنسز میں وائس چانسلر کنگ ایڈووڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، نے طلبہ اور فیکلٹی کو آزاد پاکستان کی اہمیت پر ایک پر عزم لیکچر دیا۔ اس موقع پر طلبہ میں تقریری اور ملی نغموں کا مقابلہ ہوا۔ تقریری مقابلہ میں، کائنات مہر، مریم ساجد، مصدق علی نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیں۔ ملی نغمہ میں حسنین عباس، خالد حسین حمزہ ندیم اور محمد راشد نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ موقع کی مناسبت سے پروفیسر اسد اسلم خان، پروفیسر زاہد کمال صدیقی اور دیگر ممبران نے خطاب میں ایسے راہ عمل کے متعین کرنے کی طرف رہنمائی فرامائی جو پاکستان کی ترقی کے ارتقائی منازل میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ پروفیسر زاہد کمال صدیقی نے اس موقع پر بائیسکل کا تحفہ دیا جس کا موٹر سائیکل کی جگہ استعمال کیا جائے گا ۔