شوبز شخصیات کی یوم آزادی کی مبارکباد

August 14, 2022

—فائل فوٹو

پاکستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہونے پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات بھی یومِ آزادی کے موقع پر مبارک باد سے بھرپور پیغامات اہل وطن عزیز کو پیش کر رہی ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر معروف ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر اور اداکار عدیل افضل نے کاسائے درویش کے اکاؤنٹ سے وطنِ عزیز کے لیے خوبصورت دعا پڑھتے ہوئے ویڈیو شیئر کی۔

انہوں نے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ آزادی کے 75 برس بعد بھی امید ہے کہ آنے والا کل اس سر زمین کے لیے امن، خوش حالی، مساوات اور اعتدال پسند معاشرے کی نوید بن کر آئے گا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی انسٹا گرام پر جشنِ آزادی منفرد انداز میں منایا اور اپنی آواز میں مشہور نغمہ ’دل سے میں نے دیکھا پاکستان‘ گنگناتے ہوئے ویڈیو شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اداکار ہارون شاہد نے ٹوئٹ کیا ہے کہ پاکستان زندہ باد! ہم سب کا پاکستان ہے، وعدہ کریں اس ملک کی خوش حالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

اداکار ماورہ حسین نے انسٹا گرام پر قومی ترانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یومِ آزادی کی مبارک باد دی ہے۔

خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر، باصلاحیت موسیقار اور انتہائی مہارت سے رباب پر مختلف دھنیں پیش کرنے والے سیال خان نے یوم آزادی کے موقع پر رباب پر قومی ترانے کی دھن پیش کی ہے۔