پاکستان قونصلیٹ بریڈ فورڈ میں پرچم کشائی، وطن عزیر کی تعمیر و ترقی کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ابرار حسین

August 16, 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) پاکستان کی آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر پاکستان قونصلیٹ بریڈفورڈ برطانیہ میں جشن آزادی پاکستان کا دن ملی جوش جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی پُروقار تقریب ہوئی جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قونصل جنرل بریڈفورڈ ابرار حسین نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم بلند کیا تو فضا پاکستان زندہ باد کے پُر جوش نعر وں سے گونج اٹھی۔ تقریب کا آغازحافظ عبدالقادر نوشاہی کی تلاوت اور نعت رسول مقبولﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر سونی دھرتی اللہ رکھے ملی نغمہ بھی پیش کیاڈپٹی قونصل جنرل شعیب مبارک نے صدر پاکستان ،وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھے، قونصل جنرل ابرار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14اگست کا دن تجدید عہد وفا اورحقیقی آزادی کا دن ہے، اس دن ہمیں ایک آزاد وطن اسلامی جمہوریہ پاکستان ملا جو اللہ پاک کی عظیم نعمت ہے، اس ملک کی تعمیروترقی، بقا اور خوشحالی کے لئے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ جشن آزادی پاکستان ہمارے لیے عید کا دن ہے ، اس موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جوانتہائی نامساعد حالات اور بھارت کے غیر قانونی قبضے میں ناقابل بیان جبر میں اپنے حق خودارادیت کیلئےجدوجہد کر رہے ہیں، کشمیر کے عوام اپنے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک بہت بڑے امتحان سے گزر رہا ہے، ہمیں مل کر بڑے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا، اس سے پہلے بھی پاکستان نے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے وطن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ان کے دل ہمیشہ اپنے وطن کے لیے دھڑکتےہیں۔ اس موقع پر کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین کو صدر پاکستان کی جانب سے ستارۂ پاکستان کا ایوارڈدیئے جانے پر مبارک باد دی گئی۔ بریڈفورڈ سے یہ پہلے کشمیری رہنما ہیں جنہیں ستارۂ پاکستان سے نوازا گیا۔بریڈفورڈ قونصلیٹ میں جشن آزادی پاکستان کی تقریب میں مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر جشن آزادی پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔