جن لوگوں کو احتساب سے گزرنا چاہیے تھا انہیں اقتدار دلادیا گیا ، اعجازالحق

August 16, 2022

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ(ض) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام جنرل ضیاء الحق کے دور میں مکمل ہوا اور کولڈ ٹسٹ بھی کیا گیااور انہی کے زمانے میں چاغی کے پہاڑوں میں غاریں تعمیر کی گئیں۔ ایٹمی پروگرام کی تکمیل جہاد افغانستان کے دوران ہوئی اگر جہاد نہ ہوتا تو ہم ایٹمی پروگرام بھی مکمل نہیں کر سکتے تھے ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ شب مسلم لیگ(ض) کے دفتر میں صدر جنرل ضیاء الحق شہید کی 33ویں برسی کے حوالے سے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کرنل(ر) سلطان، مسلم لیگ(ض) کے نائب صدر خان عبداللہ خان، راؤ رفیق، غلام ربانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اعجاز الحق نے کہا کہ مسلم لیگ(ض )کے کارکن میدان عمل میں ہیں اور ہم ملک کی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو کڑے احتساب سے گزرنا چاہیے تھا ان کو اقتدار دلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل محمد ضیاء الحق شہید کی برسی کے لیے مرکزی تقریب فیصل مسجد میں ہوگی۔