راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کے زیر صدارت آر ڈی اے کانفرنس روم میں گزشتہ روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی ہاؤسنگ سکیم فیز-8 کے الاٹیز کی شکایات پر سماعت کی گئی۔ اجلاس میں مسائل کے شفاف اور مؤثر ازالے کو یقینی بنایا گیا۔ اجلاس میں چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈائریکٹر ایڈمن افتخار علی، ڈائریکٹر فنانس شاہد یعقوب، نجی سوسائٹی فیز-8 کے ملازمین اور متاثرہ الاٹیز نے شرکت کی۔ الاٹیز نے بتایا کہ انہیں 2004 سے اپنے پلاٹ کا قبضہ نہیں دیا گیا اور نجی ٹائون انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی اضافی 1.1 ملین روپے کی وصولی کی بھی شکایت کی گئی۔ اس کے علاوہ، بعض اہلکاروں کے غیر پیشہ ورانہ اور مغرور رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور بغیر این او سی پلاٹ کی فروخت کو قانونی و ریگولیٹری ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ الاٹیز کو قبضہ کب فراہم کیا جائے گا اور جاری کٹوتیوں کی فوری وضاحت طلب کی۔ معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جی آر ڈی اے نے فوری طور پر جامع انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی، استغاثہ دائر کرنے اور نجی ہائوسنگ سوسائٹی م میں ملوث ملازمین کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی ہدایات جاری کر دیں۔