اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ای بز (eBiz) پورٹل کے ذریعے چینج آف لینڈ یوز اور رہائشی و کمرشل جائیدادوں کے نقشوں کی منظوری کے عمل کو آسان ، شفاف اور تیز رفتار بنا دیا ہے ، ذرائع کے مطابق تعمیراتی اجازت ناموں اور دیگر منظوریوں کے تمام مراحل کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے نجات مل رہی ہے، ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی زیرصدارت اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں ای بز پورٹل کے مؤثر استعمال، اب تک ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں آر ڈی اے عوام کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے ای بز پورٹل کے مؤثر اور فعال استعمال کو یقینی بنا رہا ہے، ای بز پورٹل پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جو شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تیز رفتار سروس کی فراہمی میں معاون ثابت ہو رہی ہے، آر ڈی اے کا ای بز پورٹل شہریوں کو جدید، سہل اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہو رہی ہے بلکہ مجموعی نظام میں شفافیت اور اعتماد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔