• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان شاعر، ادیب اور محقق فرزند علی ہاشمی کی کتاب ابد آباد کی تقریب رونمائی

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )ادبی تنظیم دبستانِ پوٹھوہار اور ادارۂ فروغِ قومی زبان کے اشتراک سے نوجوان شاعر، ادیب اور محقق فرزند علی ہاشمی کے متصوفانہ کالموں کی کتاب " اَبَد آباد" کی تقریبِ تقسیم و پذیرائی کا انعقاد کیا گیا، تقریب کو حضرتِ علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے جشنِ ولادتِ باسعادت سے منسوب کیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف شاعر و دانشور ڈاکٹر مقصود جعفری نے کی۔ معروف ادیب اور نقاد محمد حمید شاہد اور فکشن نگار و ادیب ڈاکٹر حمیرا اشفاق مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ ڈاکٹر فرحت عباس تقریب کے مہمان اعزاز تھے۔ معتبر شاعر نسیمِ سحر، ڈاکٹر مہناز انجم، حمید عارف کیانی اور سید جمال زیدی نے کتاب کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔ حلقۂ اربابِ ذوق اسلام آباد کے سیکرٹری، معتبر ادیب منیر فیاض نے نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مقصود جعفری نے کہا کہ فرزند علی ہاشمی عمدہ تخلیق کار ہیں، جن کے ہاں صحافت، ادب اور تصوف کا گہرا امتزاج ہے ، محمد حمید شاہد نے کتاب سے متعلق کہا کہ یہ محض چند کالموں کا تاثراتی تحریریوں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل روحانی سفر کی روداد ہے، جس میں عشق، عرفان اور تسلیم کی لہریں ایک ساتھ جلوہ گر ہیں، ڈاکٹر حمیرا اشفاق نے فرزند علی ہاشمی کی کتاب کا تجزیہ کرتے ہوئے اسے تصوف کے ساتھ ساتھ ادبی شاہکار بھی قرار دیا، جس میں کلاسیکی نثر کے نمونے بھی بدرجہ اتم موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فرزند علی ہاشمی کے کالم ایک جہانِ کیفیت ہیں، جس میں حاضری و حضوری کا سفر ایک جست میں طے ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ڈاکٹر مہناز انجم نے کہا کہ کتاب کیفیت، نیت، تلاش اور رضا کے باہمی امتزاج سے جنم لینے والی تحریروں کا ایسا مرقع ہے، جس میں باطن کی آنکھ بولتی ہے اور دل قلم تھام لیتا ہے۔
اسلام آباد سے مزید