قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ نے پاکستان کو جمہوری ملک بنانے کا تصور دیا، اسد مجید خان

August 17, 2022

برسلز (عظیم ڈار) سفارتخانہ پاکستان برسلز میں آزادی پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد ہوا۔ یورپی یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے چانسلری کی عمارت میں پاکستان کا پرچم قومی ترانے کی دھن پر فضا میں بلندکیا۔اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی قیادت نے اپنے الگ الگ پیغامات میں بانیان پاکستان کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے بانیان قوم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا ارادہ کیا۔ سفیرِ پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے وژن کی اہمیت پر زور دیا جنہوں نے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، اعتدال پسند اور جمہوری ملک بنانے کا تصور دیا۔انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے کا پختہ عزم کرے۔انھوں نےپاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بلجیم پوسٹ (بی پوسٹ) کی طرف سے جاری کیے گئے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی کی۔ ڈاک ٹکٹ پر دونوں ملکوں کے جھنڈوں کے ساتھ پاکستان کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی کا خصوصی لوگو بھی آویزاں کیا گیا ہے۔ اس ڈاک ٹکٹ پر انگریزی، فرانسیسی اور فلیمش زبانوں میں ’’پاکستان کا 75 واں یوم آزادی‘‘ بھی لکھا ہوا ہے، ڈاک ٹکٹ تین زبانوں میں جاری کیا گیا جس میں باقاعدہ ترجیحی اور بین الاقوامی ترسیل شامل ہے۔انھوں نے بتایا کہ ان تقریبات کے ایک حصے کے طور پر پاکستان کی سیاحت اور ثقافتی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر روایتی پاکستانی ملبوسات پہنے گئے جب کہ بچوں کا فینسی ڈریس شو بھی منعقد کیا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔بلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں پر کمیونٹی کا جوش دیدنی تھا۔ سفارتخانہ پاکستان برسلز میں جشن آزادی پاکستان کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جب کہ سفارتخانہ پاکستان برسلز کی مختلف دیواروں پر آزادی پاکستان کی تواریخ سے متعلق تصاویر نئی نسل کیلئے سنگ میل ثابت ہوئی، وہاں آئے بچوں کو قومی ہیروز کی ملک کیلئے قربانیوں کی طویل تاریخ سے متعارف کرایا گیا۔ آزادی کی تقریب کے آخری حصے میں شرکا کی تواضع کی گئی۔ جشن آزادی کی تقریب کو سجانے میں سفارتخانہ کے عملہ نے بھرپور محنت کرکے خوبصورت ماحول بنا رکھا تھا جسے لوگوں نے بہت سراہا۔