جے کے ایل ایف بلجیم کا بھارتی سفارتخانہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

August 17, 2022

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر برسلز میں بھارت کے سفارت خانہ کے سامنے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھارتی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر جے کے ایل ایف کے کارکنان نے بھارتی افواج کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنی آواز بلند کی اور بھارتی حکومت کی جانب سے چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کی جبری اسیری کے خلاف اپنے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے یاسین ملک اور دیگر تمام کشمیری سیاسی اسیران کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے سے صدر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم چوہدری دیوان علی مشتاق ،جنرل سیکرٹری جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم مسعود اقبال میر، محمد اشفاق قمر جنرل سیکرٹری جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون ، ندیم جرال اور نقاش مشتاق نے خطاب کیا۔مقررین نے یورپین یونین کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کی حکومت پر دبائو ڈالے اور ایک سچے انسان دوست اور کشمیری قوم کی آزادی کے حق کیلئے جدوجہد کرنے والے لیڈر یاسین ملک کی رہائی کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک اور دیگر اسیران ضمیر کے قیدی ہیں، ان کے ساتھ ہندوستان ظلم کر رہا ہے، یہ ظلم انسان دوست اور جمہوری دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے، ان کی جدوجہد بھی اقوام متحدہ کے اصولوں اور قراردادوں کے عین مطابق ہے، اپنے حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کرنا انصاف کے ہر بین الاقوامی قانون کے تحت جرم نہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ عالمی قیادت کشمیریوں پر جاری مظالم کا نوٹس لے۔