بارش کا سلسلہ جاری، نکاسی نہ ہونے سے پانی گھروں میں داخل

August 17, 2022

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے اور شہر کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے بعد شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں میں پانی کا جمع ہونا اور گھروںمیں داخل ہونا معمول بن چکا ہے ۔شہر میں موجود گٹر اور گہرے گڑھے جو بارش کے پانی میں نظروںسے اوجھل رہتے ہیں کسی بھی وقت کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ادھر جی ٹی روڈ سواں کے قریب بارش کا پانی جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہو گیا اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔راولپنڈی کے علاقے آریہ محلہ،ڈھوک کشمیریاں،ڈھوک الہیٰ بخش،ڈھوک کھبہ،ڈھوک چراغ دین،شالے ویلی ، جہانگیر روڈ،چاہ سلطان، شاہ خالد کالونی، فضل ٹائون، رحیم آباد،صادق آباد اور جھنڈا چیچی سمیت کینٹ اور سٹی کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے۔واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی کی ٹیمیں بھی نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ موجود رہیں۔