مہنگائی کیخلاف آج ملک بھر میں مظاہرےکئے جائیں گے، تحریک انصاف

September 23, 2022

کوئٹہ (پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینئر نائب صدر حاجی سیف اﷲ خان کاکڑ نے جمعہ کو ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ سرکار نے غریبوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ امپورٹڈ سرکار کا غریبوں پر کاری وار ہے، پوری دنیا میں پیٹرول سستا اور یہاں مہنگا ہورہا ہے۔ حکومت ایک لیٹر پر قوم سے 63روپے ٹیکس لے رہی ہے ایسا پوری دنیا میں کہیں نہیں ہوتا مگر ہمارے ملک میں یہ ظلم ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آج جمعہ کو پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے ۔ حقیقی آزادی کی تحریک کا فائنل راؤنڈ شروع ہوگیا، عمران خان کے لانگ مارچ کی کال کے ساتھ ہیں، لاکھوں لوگ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور حقیقی آزادی لے کر وہی واپس لوٹیں گے، انہوں نے کہاکہ اب ظالموں سے نجات کا وقت آگیا۔