کوئٹہ ( پ ر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بیان میں کوئٹہ کے تھانوں میں سائلین کی داد رسی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے اکثر پولیس اسٹیشنوں میں جرائم کی باقاعدہ ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی اور ابتدائی رپورٹ کے نام پر سائلین کو ٹرخا دیا جاتا ہے جو عوام کے ساتھ کھلی زیادتی اور قانون کی خلاف ورزی ہے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز تھانہ بروری کی حدود عیسیٰ نگری اور اتحاد کالونی کی ندی کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے نوجوان عیسیٰ خان کو لوٹ لیا اور موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے مگر متاثرہ نوجوان کی ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے پولیس نے ابتدائی رپورٹ کے نام پر ٹال مٹول سے کام لیا اور اسے مشورہ دیا کہ وہ یہ لکھوائے کہ موٹر سائیکل گھر کے سامنے کھڑی تھی اور چور لے گئے ترجمان نے کہا کہ ڈکیتی جیسے سنگین جرم کو معمولی چوری میں بدلنا نہ صرف مظلوم کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ مجرموں کی حوصلہ افزائی اور جرائم کے اصل اعداد و شمار چھپانے کے مترادف ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔