• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارباب غلام ایڈووکیٹ پشتون قومی،جمہوری سیاست کی توانا آواز تھے۔پشتون ایس ایف

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی صدر رزاق عاصم نے شہید ارباب غلام کاسی ایڈووکیٹ کی تیسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہےکہ شہید ارباب غلام کاسی ایڈووکیٹ صرف ایک فرد نہیں بلکہ پشتون قومی، جمہوری اور ترقی پسند سیاست کی ایک توانا آواز اور مزاحمتی کردار تھے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ ایڈووکیٹ ارباب غلام شہید جیسے نظریاتی، مدبر اور بااصول سیاسی رہنماؤں کا خلا کبھی پُر نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے اپنی پوری زندگی پشتون قوم کے قومی تشخص، سیاسی حقوق، سماجی انصاف، جمہوریت اور امن کے لیے وقف کی دہشت گردی، انتہاپسندی، سیاسی جبر اور قومی محرومیوں کے خلاف ان کی مسلسل جدوجہد اس بات کا واضح ثبوت تھی کہ وہ مشکل حالات میں بھی اپنے نظریے اور قوم کے حقوق سے دستبردار ہونے والے نہیں تھے۔ 1970 کی دہائی کی ہسو مرغہ کی تاریخی جدوجہد سمیت مختلف سیاسی ادوار میں ارباب شہید نے پشتون نوجوانوں کی فکری و سیاسی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ جلاوطنی، سیاسی پابندیوں، کیمپوں کی صعوبتوں اور مسلسل سیاسی مخالفتوں کے باوجود ارباب شہید نے اپنے نظریاتی مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کیا وہ باچا خان، خان عبدالولی خان، غوث بخش بزنجو، خیر بخش مری، عطااللہ مینگل، ہاشم خان غلزئی، ڈاکٹر عنایت اللہ، غلام سرور کاکڑ، اسفندیار ولی خان، بسم اللہ خان کاکڑ اور ملک عبدالعلی کاکڑ سمیت قومی و جمہوری تحریک کے رہنماؤں کے ہمراہ جدوجہد کا حصہ رہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ارباب غلام کاسی ایڈووکیٹ کی میراث صرف ان کے خاندان یا کسی ایک تنظیم کی میراث نہیں بلکہ پشتون قومی اور جمہوری تحریک کے ہر اس کارکن کی میراث ہے۔
کوئٹہ سے مزید