ریسلر علی اسد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، کامن ویلتھ گیمز میڈل گنوا دیا

September 24, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بر منگھم کامن ویلتھ گیمز میں شریک پاکستانی ریسلر علی اسد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا۔ وہ کانسی کے تمغے سے محروم ہوگئے۔ پاکستان نے اس گیمز میں دو گولڈ، دو سلور اور تین برانز میڈلز جیتے تھے۔ ان پر قوت بخش ادویات کا استعمال ثابت ہونے پر 4 سال تک پابندی لگ سکتی ہے، علی اسد کامن ویلتھ گیمز کمیٹی اور واڈا کی طرف سے فیصلے تک ریسلنگ کے کسی مقابلے اور سرگرمی میں حصہ نہیں لیں سکیں گے۔ علی اسد نے پہلی بار کسی عالمی مقابلے میں شرکت کی تھی۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے انہیں معطل کردیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں پہلوان علی اسد نے 57 کلوگرام میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ علی اسد کا روانگی سے قبل ڈوپ ٹیسٹ کرایا گیا تھا ، رپورٹ ان کے مقابلےکے دن موصول ہوئی ، جو مثبت آئی تھی تاہم مقابلے کے بعد ان کا اے سیمپل پازیٹو آنے پر علی اسد کی درخواست پر بی سیمپل ٹیسٹ بھی پازیٹو نکلا۔ علی اسد کا کہنا ہے کوئی قوت بخش ادویات استعمال نہیں کی،ٹریننگ کے دوران استعمال کیا ہوا فوڈ سیپلمنٹ مثبت ثابت ہوا ہے۔