• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاداب میچ وننگ کارکردگی کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس، پہلا ٹی 20 پاکستان کے نام

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم نے نئے سال کے پہلے انٹر نیشنل میچ میں سری لنکا کو اسی کے گراؤنڈ میں با آسانی چھ وکٹ سےشکست دے دی ۔ بدھ کی شب رنگیری اسٹیڈیم دمبولا میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا اور میزبان ٹیم کو 128 پرفارغ کرکے ہدف چار وکٹ پر20 گیندیں پہلے حاصل کرلیا۔ شاداب خان نے کم بیک میچ میں18ناٹ آؤٹ رنز12گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے بنائے اور چار اوورز میں 25 رنز دے کردو وکٹ حاصل کئے۔ عثمان خان سات رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 59 کے ٹوٹل پر صائم ایوب 18 گیندوں پر23 رنز بناکر تھکشانا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ کپتان سلمان علی آغا 11 گیندوں پر16رنز بناکر فل ٹاس پر کیچ ہوگئے۔ صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری 36 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائی ۔ وہ51 رنز بناکر چمیرا کا شکار بنے۔ فخر زمان پانچ رنز بناکر اسٹمپڈ ہوئے۔ قبل ازیں سری لنکا کی جانب سے جنیتھ لیاناگے 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے ایک چھکا اور دو چوکے مارے۔ ونندو ہسارانگا 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان مرزا نے18اور ابرار احمد نے25رنز دے کر 3، 3 جبکہ محمد وسیم اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹ لیے۔ محمد نواز نے 40رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔ بابر اعظم اور شاہین آفریدی ٹیم میں شامل نہیں تھے۔سری لنکا کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گر ی کامل مشارا بغیر کوئی رنز بنائے سلمان مرزا کا شکار بنے ۔ پاتھم نسانکا 12 رنز بناکر محمد وسیم کی گیندپر کیچ ہوئے۔کوشال مینڈس15گیندوں پر14رنز بناکر شاداب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ دھننجا ڈی سلوا دس رنز پر شاداب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ چیرتھ اسالانکا18رنز بناکر ابرار احمد کی گیند پرکاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔

اسپورٹس سے مزید