ڈینگی مریضوں میں اضافہ جاری، 162 رپورٹ، راولپنڈی میں 241 افراد اسپتالوں میں داخل

September 24, 2022

راولپنڈی، اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے، خصوصی نمائندہ، خصوصی نامہ نگار ) جڑواں شہروں میں ڈینگی مریضوں میں کمی نہ آ سکی اور مزید 162 کیس سامنے آ گئے ۔ راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے مزید77کنفرم مریض رپورٹ ہو گئے جس کے بعد کل تعداد1572ہوگئی ہے۔نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 43،راولپنڈی کینٹ سے آٹھ،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی چھ،چکلالہ کینٹ آٹھ،ٹیکسلا کینٹ دو ،گوجرخان سے دومریض ہیں ۔گزشتہ روز ڈینگی کے شبہ میں 241 مریض ہسپتالوں میں داخل تھے ۔ 98مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 72مریض بے نظیر ہسپتال ، ہولی فیملی میں 71اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 72مریض داخل ہیں۔ گزشتہ روز 75 افراد کو ڈینگی کے شبہ میں داخل کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مزید 85مریضوں کا اضافہ ہو گیا ۔جمعہ کو ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی زیر صدارت ڈینگی روک تھام پرفارمنس ریویو اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں مختلف ہسپتالوں میں 85نئےمریض رپورٹ ہوئے۔ مختلف علاقوں میں ماہرین حیاتیات کے ہمراہ ڈینگی ٹیموں نے 102جگہوں پر ڈینگی لاروا چیک کیا اورچارجگہوں کو سر بمہر کر دیا۔ 13 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔