پاکستان نژاد وکیل اور سیاسی رہنما محمد شعیب قاتلانہ حملے میں شدید زخمی

September 25, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کے مشہور پاکستان نژاد وکیل اور سیاسی و سماجی رہنما محمد شعیب ایک قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعات کے مطابق محمد شعیب گلاسگو میں اپنے دفتر میں ۔مصروف کار تھے کہ ایک افریقین نژاد شخص جوکہ ان کا موکل بھی تھا، اس نے ملاقات کے لیے ان کے کمرے میں داخل ہوتے ہی ان پر چاقو سے حملہ کردیا اور گردن پر وار کرنے کی کوشش کی، اس کشمکش میں اس نے چھاتی پر اور جسم کے دیگر کئی حصوں پر چاقو سے وار کیے، جس سے محمد شعیب شدید زخمی ہوگئے لیکن وہ پوری ہمت کے ساتھ غنڈے کا مقابلہ کرتے رہے۔ ان کے آواز دینے پر ساتھ والے کمرے میں بیٹھا ان کا اسٹاف بھی مدد کے لیے پہنچ گیا اور چاقو سے مسلح ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن ملزم نے اسٹاف کو بھی زخمی کردیا۔ تینوں افراد ملزم کو دھکیلتے ہوئے استقبالیہ کمرے میں لے آئے۔ اسی اثناء میں اتفاق سے پولیس بھی علاقے میں موجود تھی۔ آواز دینے پر وہ بھی فوراً اندر آگئے اور انہوں نے ملزم کو قابو کرلیا۔ محمد شعیب اور ان کے ساتھ دفتر میں کام کرنے والے دیگر زخمی افراد کو فوراً کوئن الزبتھ ہسپتال منتقل کرکے ان کا ایمرجنسی میں علاج کیا گیا۔ محمد شعیب اب خاصے بہتر ہیں اور ان کی جان خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے ایک35سالہ صومالی نژاد شخص اسیس نگوسی Esyas Neguseکو قاتلانہ حملہ کرنے، شدید حملہ کرکے اعضا کو بگاڑنے، جان کے لیے خطرہ بننے اور دیگر الزامات میں گلاسگو شرف کورٹ میں پیش کردیا، جہاں اس کو ایک ہفتے کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی نے محمد شعیب پر کیے جانے والے حملے پر گہرے افسوس اور پریشانی کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے کہا ہے کہ اس قسم کے غنڈہ گردی کے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔ اسکاٹ لینڈ کے سابق فرسٹ منسٹر اور ایلبا پارٹی کے سربراہ الیکس سالمنڈ نے بھی محمد شعیب پر کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان کی پارٹی محمد شعیب کی ہر ممکنہ مدد کو تیار ہے۔