اگلے سال حج کے موقع پر بہتر انتظامات کرینگے، وفاقی وزیر مذہبی امور

September 27, 2022

اسلام آباد، چکوال ( نیوز رپورٹر، نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا کہ انشاء اللہ ہم اگلے سال حج کے موقع پر بہتر انتظامات کریں گے۔ اسٹیک ہولڈر سے موصول ہونے والی تجاویز پر کام کریں گے اور انہیں لازمی آگہی حج پالیسی کا حصہ بنائیں گے۔ اگر دوران حج کوئی کمی بیشی ہوئی ہو تو حجاج سے معافی کے طلبگار ہیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز حج ڈی بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جووزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی، جوائنٹ سیکرٹری حج عثمان سروش علوی، شعبہ حج آئی ٹی سیل کے علاوہ بینک، ایئر لائنز، نجی حج گروپ آرگنائزرز، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی جی حج ابرار مرزا، ڈائریکٹر حج مکہ اور مدینہ، تمام حاجی کیمپوں کے ڈائریکٹراور ڈائریکٹر معاونین بھی شریک رہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نےکہا کہ سٹیک ہولڈر سے موصول ہونیوالی تجاویز پر کام کرینگے اور انہیں لازمی آگہی حج پالیسی کا حصہ بنائینگے۔ اگر دوران حج کوئی کمی بیشی ہوئی ہو تو حجاج سے معافی کے طلبگار ہیں۔ اس سے قبل سیکرٹری مذہبی امور نے مختصر وقت میں کامیاب حج آپریشن کے لیے وزارت، دفتر امور حجاج جدہ، ہوپ، ایئر لائنز، بینکوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہم آپ کی تجاویز پر غور کریں گے اور اس پر کام کرینگے۔دریں اثناءوفاقی وزیر مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ حکومت ڈالر کی اونچی اڑان اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے آنے والے ایک دو ماہ میں یقینی طور پر صورتحال بہتر ہونا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی سیلاب نے بھی پاکستان کی معیشت پر غیر معمولی دباؤ ڈالا ہے بہرحال پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وہ پیر عبدالشکور نقشبندی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر عبدالشکور نقشبندی نے کہا کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے آزاد کرائے۔ وفد میں صاحبزادہ عمر فاروق نقشبندی‘ صاحبزادہ عثمان غنی‘ صاحبزادہ مبشر علی‘ محمد حذیفہ و دیگر شریک تھے۔