کالڈر ڈیل ہیلتھ کیئر استعمال کرنے والے افراد کے تجربات پر مبنی رپورٹ کا اجرا

September 28, 2022

اھیلی فیکس(نمائندہ جنگ)کالڈر ڈیل ایڈلٹ ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر سروس کے استعمال کرنے والے افراد کے تجربات اور تحفظات پر مبنی رپورٹ کا اجرا نور سبیل ٹیم کے اشتراک سے ہالی فیکس میں کیا گیا۔ ایکوئیل کیئر کی رپورٹ مرتب کرنے والی ایما بیک نے کہا کہ اس رپورٹ میں مذہبی، ثقافتی اور شخصی پہلوؤں کے علاوہ سوشل کیئر کے حوالے سے ان تجربات، تحفظات اور خدشات کو سامنے لایا گیا ہے، جن کا اظہار سروس استعمال کرنے والے افراد نے کیا۔ سوشل کیئر سروس سے واسطہ پڑنے والے افراد نے نا مناسب رویہ، یکطرفہ کارروائی، رابطے کی کمی، مترجم کی عدم موجودگی، مذہبی و ثقافتی ضروریات سے لا علمی اور معلومات کی عدم فراہمی جیسے تجربات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔کالڈرڈیل کونسل کی انٹیرم ڈائریکٹر آن فلینیگن نے کہا کہ ہم رپورٹ کا بغور جائزہ لیں گے اور تحفظات و خدشات کو دور کریں گے۔ کالڈرڈیل کونسل برائے مساجد کے چئیرمین ندیم میر، کونسلر جیمز بیکر، کونسلر فضل شوکت اور دیگر شرکا نے پیش کیے گئے تجربات و تحفظات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ سوشل کیئر سروس کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور لوگوں کے خدشات کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ زینت حسین، یاسمین حمید اور نور سبیل کے دیگر رضاکاروں نے کہا کہ اس رپورٹ کی مدد سے ہم اپنے پلیٹ فارم سے لوگوں کے رضاکارانہ طور پر مسائل حل کریں گے۔ قانونی پہلوؤں کو سمجھنے اور مساوی حقوق کے حصول میں مدد فراہم کریں گے۔ سوشل سروس کے عملے کو مذہبی اور ثقافتی ضروریات سے آگاہ کریں گے اور طریقہ کار میں بہتری لاتے ہوئے تحفظات کو دور کریں گے۔