اسلامی جمعیت طلباء کا 75سال مکمل ہونے پر تقریبات کا اعلان

September 28, 2022

لاہور(خبرنگار) اسلامی جمعیت طلبہ نے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر ملک گیر تقریبات کا اعلان کیا ہے،اور طلبہ یونین کے انتخابات منعقد کروانے کا مطالبہ کردیا، ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی کا سیاسی جماعت کے چئیرمین کو یونیورسٹی میں بلا کر تحریک انصاف کے کارکن کے طور پر اقدامات کرنا کسی صورت درست نہیں جبکہ جی سی یو لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، ایم ایس ایف، اور دیگر طلبہ تنظیموں کوبھی اپنے پروگرامز کرنے کی اجازت ہونی چاہیے ، شکیل احمد نے کہا کہ 22 ستمبر سے 30 ستمبر تک سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی تعلیم مہم چلائے گی، جس کے دوران سیلاب زدہ جنوبی پنجاب،بلوچستان اور سندھ میں خیمہ سکولز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک میرے نبیؐ میرے رہنمامہم چلائی جائے گی ۔ 16 اکتوبر سے 5 نومبر تک طلبہ یونین کی بحالی کے لیے مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ‎11 تا 30 نومبر ایکسپو/ ٹیلنٹ ایوارڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا ۔