نوجوان بیٹے کے اندھے قتل کی شفاف تحقیات کرا ئی جائیں،اپیل

September 29, 2022

پشاور (لیڈی رپورٹر)پشاور کے علاقے باڑہ روڈ نواکلے کی رہائشی خاتون سلمی بی بی نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخو اسے اپیل کی ہے کہ ان کے نوجوان بیٹے نصیب گل کے اندھے قتل کی شفاف تفیش کراکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے، پشاور پریس کلب میں صحافیوں کو اپنی فریاد سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا 35سالہ نصیب گل جو کہ 6کم سن بچوں کا باپ تھا کو 12دن قبل رات کے وقت نامعلوم قاتلوں نے گھر میں داخل ہو کر بے رحمی سے قتل کیا ہے۔سلمی بی بی نے کہا کہ وہ نہایت غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور انکے بیٹے کا کسی کے ساتھ کوئی تنازعہ بھی نہیں تھا، سفاک قاتلوں نے نصیب گل کو شدید تشدد کے بعد پھانسی دیکر قتل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتخرہ تھانہ کے اہلکار ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود تفتیش میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہوںنے مزید کہا کہ پولیس ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بارے میں بھی ہمیں کچھ نہیں بتا رہے۔سلمی بی بی نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اور انسپکٹر جنرل پولیس سے اندھے قتل کی شفاف تفتیش کرانے اور انکے بیٹے کے قاتلوں کو بے نقاب کرانے کی اپیل کی ہے۔