896724 بچوں کو ٹائفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائیں جائیں گے، ڈپٹی کمشنر پشاور

September 29, 2022

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ٹائیفائیڈ مہم(تین اکتوبر تا پندرہ اکتوبر) کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے 896724 بچوں کو ٹائفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائیں جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت ٹائیفائیڈ مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت، انتظامی افسران اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹائیفائیڈ مہم تین اکتوبر سے پندرہ اکتوبر تک جاری رہے گی اور مہم کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹائیفائیڈ ایک خطرناک بیماری ہے جو کہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ بیماری گندے پانی اورخوراک میں موجود ایک بیکٹیریا کے ذریعے بچوں کے جسم میں داخل ہوتی ہے اوران کی آنتوں پہ اثر انداز ہوتی ہے۔ اس بیماری کی تشویشناک صورت میں آنتوں میں سوراخ ہو جاتے ہیں جس سے موت واقع ہو سکتی ہے۔