اڈیالہ جیل تشدد کیس، جیل عملے کی معطلی کیخلاف دائر درخواست خارج

September 29, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل تشدد کیس کے حوالے سے چیف جسٹس کے دورہ اڈیالہ جیل کے بعد جیل عملے کی معطلی کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی تو معطل ہونیوالے درخواست گزاروں کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہاکہ یہ اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ، یہ ایک بڑا مسئلہ ہے، چیف جسٹس نے درخواست گزاروں کے وکیل سے کہا کہ میں آپ کو بتائوں یہ لوگ وہاں قیدیوں کیساتھ کیا کیا کرتے ہیں اس پر علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ آپ کی بات درست ہے لیکن جو لوگ ملوث تھے انہیں چھوڑ دیا گیا جو بے گناہ تھے اور ملوث نہیں تھے انہیں معطل کیا گیا، چیف جسٹس نے کا کہ انسانی حقوق کمیشن اس معاملے پر کام کر رہا ہے ، ہیومن رائٹس کمیشن کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔