’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے مصنف نے فلم لکھنے کا کتنا معاوضہ وصول کیا ؟

September 29, 2022


پاکستانی شوبز انڈسٹری کو مشہور پنجابی فلمیں دینے والے مصنف ناصر ادیب کی جانب سے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ لکھنے کے معاوضے سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے سب سے زیادہ فلمیں لکھنے کا اعزاز رکھنے والے مصنف ناصر ادیب نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی۔

اس دوران اُنہوں نے مخلتف موضوعات پر بات چیت کے دوران1979ء کی کامیاب فلم ’مولا جٹ‘ اور حالیہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے معاوضے سے متعلق انکشاف کیا۔

شو کے دوران میزبان احمد علی بٹ کا ناصر ادیب سے پوچھنا تھا کہ آپ نے سرور بھٹی سے فلم ’مولا جٹ‘ کے لیے کتنی رقم کا مطالبہ کیا تھا؟

اس سوال کے جواب میں ناصر ادیب نے کہا کہ اُنہیں 1979ء میں فلم ’مولا جٹ‘ لکھنے کے لیے تقریباً پونے7 ہزار روپے ملے تھے۔

احمد علی بٹ نے مزید پوچھا کہ اور اب آپ نے بلال لاشاری کی آنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ’ کے لیے کتنی رقم کا مطالبہ کیا ہے؟

جس پر ناصر ادیب کا بتانا تھا کہ میں نے فلم لکھنے کے لیے بلال لاشاری سے 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا مگر انہوں نے مجھے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے لیے 15 لاکھ روپے ادا کیے ہیں۔

ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے 1979 میں فلم ’مولا جٹ‘ نظام کے خلاف لکھی تھی اور اسی لیے فلم بہت زیادہ ہٹ بھی ہوئی اور آج تک یاد کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بننے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، حمیمہ ملک، سرمد کھوسٹ،شفقت چیمہ اور حمزہ علی عباسی جیسے نامور اداکار شامل ہیں۔

دوسری جانب ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ سے قبل1979ء میں بننے والی پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کی کاسٹ میں سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

واضح رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 13 اکتوبر سے ملک بھر کے تمام معروف سینما گھروں میں ریلیز کی جا رہی ہے۔