خواب میں میت کا کہنا کہ مجھے نکالو

September 30, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: ایک عجیب سا مسئلہ دیکھنے میں آیا ہے، ہمارے پڑوس میں ایک خاتون کا انتقال ہوگیا، خاتون شادی شدہ تھی اور وفات کے وقت حمل سے تھی، حمل چھ سات ماہ کا تھا، خاتون وفات سے پہلے ہسپتال میں تھی، وہاں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر دوسرے ہسپتال منتقل کردی گئی، مگر جاںبر نہ ہوسکی، وفات کے بعد گھر لائی گئی اور اس کے اقارب نے غسل وکفن کے بعد مقامی قبرستان میں اس کی تدفین کردی۔

اب اس کی والدہ نے خواب دیکھا کہ اس کی فوت شدہ بیٹی کہہ رہی ہے کہ اس کا بچہ ہوا ہے اور وہ زندہ ہے ،اس لیے اسے اوربچے کو نکال دیاجائے، مقامی امام صاحب سے پوچھا گیا تو انہوں نے کچھ وقت جواب کے لیے مانگا اور پھر منع کردیا کہ ایسا ہرگز نہ کیاجائے، اس خواب کی وجہ سے طبیعت پر اثر ہے کہ کہیں خاتون اور بچہ زندہ ہوں، مگر انہیں نہ نکالا گیا ہو، سوچتا ہوں تو سخت پریشان ہوجاتا ہوں۔

جواب:اللہ پاک فقہائے کرام کو جزائے خیر نصیب فرمائے کہ پیش آمدہ واقعات کے علاوہ بعض عجیب خوابوں کے احکام بھی بیان فرمائے گئے ہیں، فتاویٰ کی مشہورکتاب "فتاویٰ ہندیہ" میں ہے کہ ایک عورت کے حمل کو سات مہینے ہوئے اور بچہ اس کے پیٹ میں حرکت کرتا تھا ،پھر وہ عورت مرگئی اور اسے دفن بھی کردیا گیا ، پھر کسی نے اسے خواب میں دیکھا کہ وہ کہہ رہی ہے کہ میں نے بچہ جنا ہے تو اس کی قبر نہیں کھودی جائے گی۔ (۵/۳۵۱ سولہواں باب زیارت قبور کے بیان میں،ط :نورانی کتب خانہ ،پشاور) اس سے معلوم ہوا کہ امام صاحب نے درست مسئلہ بتایا تھا اور مرحومہ کے اہل خانہ نے بھی خواب کے مطابق عمل نہ کرکے درست کیا تھا، اب آپ کو بھی اس سلسلے میں پریشان نہیں ہونا چاہیے۔