اسحٰق ڈار کا قوم کو تحفہ، پیٹرول 12.63 ، ڈیزل 12.13 اور مٹی کا تیل 10.19 روپے سستا

October 01, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈارنے پٹرول12.63روپے، ڈیزل12.13 اور مٹی کا تیل10.19روپے فی لٹر سستا کر کے قوم کو تحفہ دیا ہے ،جبکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی .

گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور تفصیلی مشورہ کے بعد پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے فی لٹر کمی کرکے نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لٹر ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 13 پیسے فی لٹرکمی کے بعدنئی قیمت 235 روپے 30پیسے فی لٹر جبکہ لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10روپے 78پیسےفی لٹرکمی کر کے نئی قیمت 186 روپے50 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 19 پیسے فی لٹرکمی کے بعد نئی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لٹرمقرر کردی گئی ہے.


پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق رات12 بجے سے ہوگیا ہے، وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر نے ماہ ستمبر کا ٹیکس ریونیو کا ہدف حاصل کر لیا ہے اور 684ارب روپے کے ہدف کے مقابلےمیں 685ارب روپے ٹیکس ریو نیو جمع کیا.

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا بھی ٹیکس ریونیو ہدف حاصل کر لیا گیا ہے، پہلے تین ماہ کے ہدف 1609ارب روپے کے مقابلے میں 1635ارب روپے جمع کیے گئے ہیں ، جبکہ پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے 84ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کی گزشتہ برس اس عرصے کے دوران 62ارب روپے کے ریفنڈز کی ادا کیے گئے تھے

وزیر خزانہ نے کہا کہ کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے اور نئی تاریخ 31اکتو بر 2022مقررکی گئی ہےانہوں نے ٹیکس دہندگان سے اپیل کی کہ اس ماہ کے اندر اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرالیں ،وزیر خزانہ نے بتایا کہ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں کوئی اضافہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی ٹیکس عائد کیا گیا ہے.

قبل ازیں پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی ،ان سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزیدمستحکم بنانے میں اہم کردار اداکرے گی،وزیر خزانہ نے چینی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے چینی سفیر کو پاکستان میں غیر معمولی سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نےمشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی ہر ممکن مدد کرنے پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خزانہ نے چینی قیادت کی طرف سے پاکستان کو 2 ارب0 4 کروڑ ڈالر کی سنڈیکیٹ سہولت کی ری فنانسنگ میں دی گئی معاونت کو بھی سراہا اور انہوں نے چینی سفیر سےکہا کہ 2023 میں مزید 2 ارب ڈالر کے سیف چائنا ڈپازٹس کو رول اوور کرنے میں تعاون کیا جائے۔

انہوں نے سی پیک کو کامیاب بنانے میں چینی سفیرکو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔چین کے سفیر نے وزیر خزانہ کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔