پیوٹن کا 4 یوکرینی علاقوں کے انضمام کا اعلان، امریکا اور نیٹو کی مذمت

October 01, 2022

ماسکو (اے ایف پی، جنگ نیوز) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نےیوکرین کے 4علاقوں کے روس کیساتھ الحاق کا اعلان کردیا ، جمعے کو اس حوالے سے روسی صدارتی دفتر کریملن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہو ا جس میں چار مقبوضہ علاقوں لوہانسک، ڈونیسک، خیرسون اور زاپوریژیاکو روس میں ضم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ، امریکااور نیٹو نے اس الحاق کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے ، امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلوان کا کہنا ہے کہ ان کی افواج یورپ میں کسی بھی طرح کی تعیناتی کے لئے تیار ہے ، یورپ میں موجود تعینات امریکی افواج کیلئے اضافی نفریاں بھیجی جاچکی ہیں ،انہوں نے یوکرین کیلئے آئندہ ہفتے ہتھیاروں کی نئی کھیپ بھیجنے کا اعلان بھی کردیا ، امریکا نے یوکرین کے 4علاقوں کے روس کیساتھ الحاق کا معاملہ سلامتی کونسل میں بھی پیش کردیا تاہم ماسکو نے واشنگٹن کی جانب سے پیش کی گئی مذمتی قرارداد کو ویٹو کردیا ، چین اور بھارت اس قرارداد میںووٹنگ سے غیر حاضر رہے ۔ تفصیلات کے مطابق روس کے صدر پیوٹن نے یوکرین کے 4علاقوں کے روس کیساتھ انضمام کا اعلان کردیا ، اس تقریب سے چند گھنٹے قبل زاپوریژیا کے علاقے میں بمباری کے نتیجے میں 30افراد ہلاک ہوگئے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصدر پیوٹن نے مغرب کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کے زیر کنٹرول یوکرین کے چار خطوں کے عوام ’ہمیشہ کے لئے روس کے شہری‘ بن گئے ہیں۔امریکا نے روس پر نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی سیون ممالک یوکرین کے چار علاقوں کے ماسکو کیساتھ یوکرین کے 4 علاقوں کے انضمام کی حمایت کرنے والے کسی بھی ملک کیخلاف پابندی کی حمایت کریں گے ، یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ایک بار پھر نیٹو اتحاد پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کی رکنیت کی درخواست پر فوری طور پر عملدرآمد کرے۔