بند پاکستان اسٹیل مل کے اگست کا سوئی گیس بل دوبارہ 7 کروڑ سے زائد بقایاجات کے عوض اراضی دینے کا پروپوزل

October 01, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) روزنامہ ’’جنگ‘‘ میں 16ستمبر کو پاکستان اسٹیل مل میں دو کوک اوون (لوہا پگھلانے کی بھٹیاں) بند ہونے کے باوجود جولائی کے 9کروڑ کے گیس کے بل وصول ہونے سے متعلق خبر شائع ہوئی مگر حیرت انگیز طور پر اس پر کوئی بازپرس یا کارروائی نہیں ہوئی اور اب نمائندہ ’’جنگ‘‘ کو اگست کے پاکستان اسٹیل مل اور اسٹیل ٹاؤن کے بل موصول ہوئے ہیں جس کے مطابق اگست کا پاکستان اسٹیل مل کا بل 7کروڑ 68لاکھ 89ہزار 733روپے ہے اور مجموعی بل کے بقایاجات کی رقم 45ارب 66کروڑ 90لاکھ 97ہزار 930روپے ہوگئی ہے۔ ٹاؤن شپ کے اگست کا بل 90لاکھ 95ہزار 410روپے کا ہے، بقایاجات 3روپے ہیں۔ معتبر ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل مل کی گیس قریبی واقع بڑی فیکٹریوں کو فروخت کی جارہی ہے اور ان سے رقم وصول بھی ہوتی ہے مگر وہ کہاں جارہی ہے نہیں معلوم کیونکہ ہر ماہ کروڑوں روپے گیس بل کے بقایاجات میں شامل ہورہے ہیں۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ اس وقت ایک پروپوزل پر کام ہورہا ہے کہ سوئی گیس کے اتنے بھاری بقایاجات کے عوض سوئی سدرن کو پاکستان اسٹیل مل کی ملکیت اراضی دے دی جائے۔