پشاور ہائیکورٹ، بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصو لی کو معطل کر دیا

October 02, 2022

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے بجلی صارفین کے بلوں میں عائد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیخلاف رٹ پرایف پی اے کی وصولی کو معطل کردیا، خیبر پختونخوا میں تمام تر بجلی ہائیڈرو الیکٹرک پاور کے ذریعے پیدا کی جاتی ہے جس پر کسی قسم کے فیول کا کوئی خرچ نہیں آتا ،جسٹس روح الامین اور جسٹس سید محمد عتیق شاہ پر مشتمل بنچ نے جماعت اسلامی کے محمد ابراہیم خان کی رٹ پرسماعت کی ،اس موقع پر ان کےوکلاءغلام محی الدین اور ملک فاروق نے موقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا میں تمام تر بجلی ہائیڈرو الیکٹرک پاور کے ذریعے پیدا کی جاتی ہے جس پر کسی قسم کے فیول کا کوئی خرچ نہیں آتا ،اس بجلی پرآئینی طور پر سب سے پہلا حق صوبہ کی عوام کا ہے ،یہاں پیدا ہونے والی پن بجلی صوبہ کی ضرورت سے زیادہ ہے اس کے باوجود حکومت اور متعلقہ ادار ے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز، سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی اور مختلف ٹیکسوں کی صور ت میں صارفین کوکم از کم 20 روپے فی یونٹ چارج کر رہے ہیں اور اب صارفین سے 30 روپے فی یونٹ تک وصول کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جوسرا سر ظلم ہے۔عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر بجلی بلوں میں عائد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی معطل کردی۔