• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی افغان باشندوں کیخلاف پنجاب بھر میں کومبنگ آپریشنز کا حکم

لاہور (آصف محمود بٹ) پنجاب میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کومبنگ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کو مذہبی و کمیونٹی قیادت کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنانے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ حساس صورتحال کو پیشگی بنیادوں پر سنبھالا اور مذہبی رہنماؤں سے مکالمے کو فروغ دے کر کسی بھی تناؤ کو بڑھنے سے پہلے ختم کیا جائے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں گیا۔معتبر ذرائع نے "جنگ" کو بتایا کہ 4 مارچ کو ہونے والے اس اہم اجلاس میں لاہور کور کمانڈر سمیت عسکری و سول اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال اور درپیش سکیورٹی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر انتظامی نگرانی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ان اقدامات پر عمل درآمد میں قائدانہ کردار ادا کریں۔اجلاس میں فیلڈ انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ صوبے بھر میں“وسیع کومبنگ آپریشنز اور مستند انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز”کے ذریعے غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی کرکے انہیں حراست میں لیں۔ذرائع کے مطابق حکام کو یہ بھی معلوم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے کہ آیا پہلے بے دخل کیے جانے والے افغان شہری دوبارہ پاکستان میں داخل تو نہیں ہوگئے۔