UN کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (ITU) کی سربراہی کیلئے روس اور امریکا میں مقابلہ

October 02, 2022

برسلز (حافظ انیب راشد) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (ITU) کی سربراہی کیلئے روس اور امریکہ کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اس حوالے سے اجلاس رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کی رومینین پیلس آف دی پارلیمنٹ میں منعقد ہو رہا ہے۔ جس میں اقوام متحدہ کے193ممبر ممالک آئندہ چار سال تک اقوام متحدہ کی ٹیلی کام ایجنسی کو چلانے کیلئے ایجنسی سربراہ کو سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے منتخب کریں گے اس مرتبہ ادارے کی سربراہی کیلئے امریکہ کی جانب سے ڈورین بوگدان مارٹن اور روس کی جانب سے راشد اسماعیلوف مد مقابل ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ دنیا میں اس وقت موجود غیر معمولی جیو پولیٹیکل حالات کی وجہ سے امریکی امیدوار جیت جائیں گی۔ واضح رہے کہ یہ بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجیز کیلئے اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی ہے جو دنیا بھر میں ٹیلی کام اور ٹیک انفراسٹرکچر کیلئے عالمی معیارات قائم کرنے کے علاوہ انٹرنیٹ کے قوانین کو بھی کنٹرول کرتی ہے۔ اس ایجنسی میں افریقہ، امریکاز، عرب سٹیٹس، ایشیا اینڈ دی پیسیفک کامن ویلتھ آف انڈیپینڈینٹ سٹیٹس اور یورپین ریاستیں ممبر کے طور پر شامل ہیں جبکہ اجلاس میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے ٹیلی کام، انٹرنیٹ، براڈکاسٹ ، سیٹلائٹ، سوفٹ وئیر، آرٹیفیشل انٹیلی جینس، فن ٹیک، یوٹیلیٹیز، آٹو موٹیو، سمارٹ سٹیز، ریگولیٹرز، یونیورسٹیز، آر اینڈ ڈی انسٹی ٹیوشنز کے علاوہ کئی انٹرنیشنل اور ریجنل اداروں کے 3000 وفود بخارسٹ پہنچ چکے ہیں۔