راولپنڈی، ڈینگی کے مزید 84 مریض، تعداد 2426 تک جا پہنچی

October 02, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ، خصوصی نمائندہ ) راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے مزید 84کنفرم مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد کل تعداد 2426ہوگئی۔ نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 48، راولپنڈی کینٹ سے تیرہ، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی چودہ، چکلالہ کینٹ چھ، کلرسیداں دو، ٹیکسلا سے ایک مریض ہیں۔اب تک پوٹھوہار ٹائون پری اربن سے 1239، راولپنڈی کینٹ 299، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی 193، چکلالہ کینٹ 125، پوٹھوہار رورل 109، ٹیکسلا کینٹ 76، کہوٹہ 43، ٹیکسلا رورل 13، گوجرخان 19، مری نو، کلرسیداں چھ اور ٹیکسلا سے سات مریض ہیں۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تین مقامات سیل جبکہ 17 مقدمات درج کرائے گئے، قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر 32پوائنٹس کو 43ہزار روپے کےجرمانے اور 89 کو نوٹس جاری ہوئے۔راولپنڈی کے تینون بڑے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ رو ز ڈینگی کے شبہ میں 265 مریض زیر علاج تھے جن میں 141 میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ ہولی فیملی میں 70 بےنظیر ہسپتال میں 113 اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 82 مریض داخل تھے ۔ ان میں سے 5 کی حالت نازک تھی ۔