ن لیگ کی سیاست جھوٹ سے شروع، جھوٹ پر ختم، تحریک انصاف

October 02, 2022

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاست جھوٹ سے شروع ہوتی ہے اور جھوٹ پر ہی ختم ہوجاتی ہے۔ہمارے پراجیکٹس کے دوبارہ افتتاح کیے جارہے ہیں، ہم نے اسلام آباد کو شناخت دی، دیہی شہری کی تفریق ختم کی ہے ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار سابق ارکان قومی اسمبلی راجہ خرم نواز اور صداقت علی عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا ہے۔انہوں نے کہا ہم نے سی ڈی اے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنایا ہے اور آج سی ڈی اے اپنے پراجیکٹس خود بناتا ہے، بہارہ کہو بائی پاس ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان نے اپریل 2021 کو مارگلہ ہائی وے کے طور پر رکھا اور شہباز شریف نے کل پھر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا کوئی والی وارث نہیں تھا ہم نے اسے لیڈر شپ دی ہے ،ہم نے جی سیون انڈر پاس، پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج دیئے ،پیدل چلنے و الوں کے لئے نئے پل بنائے ہیں۔ اس وقت بھی آئی جے پی روڈ، سیون ایونیو فلائی اوور، 10 ایونیو تکمیل کے قریب ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا میں اس مخلوق نے مودی جیسا لاک ڈان کا کہا مگر عمران خان نے پاکستان کو ایسے ممالک کی صف میں کھڑا کیا جنہوں نے کورونا سے جان چھڑائی اور معیشت بھی بچائی۔ راجہ خرم نواز نے کہا کہ پاکستانی عوام کو بار بار بیوقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے مگر عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والے بھارت کے ساتھ تجارت اور ذاتی کاروبار کی راہیں ہموار کررہے ہیں ۔ صداقت علی عباسی نے کہا کہ شوبازیاں کرنا اس حکومت کا طرہ امتیاز ہے، بہارہ کہو بائی پاس کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھ کر مذاق کیا گیاہے ۔